نئی دہلی،29/نومبر (ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) پنجاب کے جلال آباد میں بینک سے کیش نکلوانے آئے ایک کسان کی لائن میں کھڑے رہنے کے وقت ہی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ جلال آباد کے اسٹیٹ بینک آف پٹیالہ میں پیش آیا ہے۔میت کے رشتہ داروں نے بینک والوں پر انتظام میں لاپرواہی برتنے کا الزام لگایاہے۔پنجاب کے نائب وزیر اعلی سکھبیر سنگھ بادل کا اسمبلی حلقہ جلال آباد آئے دن موضوع بحث رہتاہے۔اب نوٹ بند ی کی وجہ سے جلال آباد شہر میں واقع اسٹیٹ بینک آف پٹیالہ میں آج صبح سے ہی بینک سے نقد رقم نکلوانے والوں کی لائنیں لگی تھیں کہ اسی درمیان صبح آٹھ بجے سے بینک پہنچ کر لائن میں کھڑے گھو بایا گاؤں کے رہنے والے جوگندر سنگھ نامی شخص کو کچھ گھبراہٹ ہوئی اور وہ اچانک گر پڑے، اس کے بعد موقع پر ہی ان کی موت ہو گئی۔بتایا جاتا ہے کہ میت ایک کسان ہے اوراپنے اکاؤنٹ سے 2500روپے نکلوانے آئے تھے، میت جوگندر سنگھ اپنے پسماندگان میں دو بیٹو ں کو چھوڑ گئے ہیں، موقع پر لائن میں کھڑے لوگوں نے بتایا کہ ہم لوگ صبح آٹھ بجے سے لائنوں میں کھڑے تھے لیکن بینک کے اندر آنے اور نقدی نکالنے کا انتظار کرتے کرتے جوگندر سنگھ کو گھبراہٹ ہونے لگی اور صرف چند لمحات میں ہی انہوں نے دم توڑ دیا۔وہیں، میت کے بھائی کے مطابق اس کے بھائی کی موت ہونے کے بعد مقامی لوگوں میں سے ایک شخص نے انہیں فون کر کے اس کی اطلاع دی جبکہ مقامی بینک کے کسی بھی افسر نے انہیں مطلع کرنا ضروری نہیں سمجھا۔ادھر بینک منیجرسنجیوکمار نے مانا کہ لوگ صبح سے لائنوں میں لگے ہوئے تھے، لیکن جب وہ دوپہر کو کھانا کھانے گئے تب انہیں اطلاع ملی کہ بینک میں لائن میں لگے کسی شخص کی موت ہو گئی ہے جس کے بعد انہوں نے پولیس انتظامیہ اور اسپتا ل کو مطلع کیا۔